دوستیاں:   کچھ وقت  کے لیے،کچھ زندگی کے  لیے

 

سید ہ کسریٰ نقوی
سیکشن: او۔ایچ۔کے۔

 

کالج کی زندگی میں اگر کوئی سب سے حسین چیز ہے تو وہ دوستیاں ہیں۔ کچھ دوست ایسے ہوتے ہیں جو ہر لمحے ساتھ ہوتے ہیں ہر خوشی ہر غم میں شریک۔ اور کچھ دوست وہ ہوتے ہیں جو راستے میں ملتے ہیں چند لمحے ساتھ چلتے ہیں اور پھر اپنی راہوں پر نکل جاتے ہیں۔ زندگی کے سب سے یادگار اور سنہرے لمحات انہی کے ساتھ گزرتے ہیں۔ 

یہ دوستیاں کبھی بے حد مضبوط ہوتی ہیں، اور کبھی وقت کے ساتھ ماند پڑ جاتی ہیں۔ کلاس میں بیٹھے ساتھ   گپیں لڑانا کینٹین میں چائے کے کپ پر زندگی کے مسئلے حل کرنا کسی ایک دوست کا پوری کلاس کے لیے نوٹس بنانا امتحان سے ایک رات پہلے سب کو پڑھانے کی ذمہ داری لینا – یہ سب لمحات ہمیشہ یاد رہتے ہیں۔ کالج کی زندگی کا سب سے حسین پہلو وہ وقت ہوتا ہے جو ہم دوستوں کے ساتھ گزارتے ہیں۔ وہ بے مقصد گھومنا کیفے میں بیٹھ کر لمبی گپ شپ گروپ اسٹڈی کے نام پر ہنسی مذاق اور امتحانات کی راتوں میں ایک دوسرے کو تسلی دینا۔یہ سب وہ لمحات ہیں جو زندگی بھر ہمارے دل میں تازہ رہتے ہیں۔ ان یادوں کی خوبصورتی یہی ہے کہ وہ ہمیں کسی نہ کسی لمحے مسکرانے پر مجبور کر دیتی ہیں۔

لیکن جہاں اچھے دوست تعلیمی زندگی کو سنوار سکتے ہیں وہیں غلط صحبت نقصان دہ بھی ثابت ہو سکتی ہے۔ اگر ہم ایسے دوستوں میں گھر جاتے ہیں جو تعلیم کو نظر انداز کرتے ہیں وقت ضائع کرتے ہیں اور بے مقصد مصروفیات میں لگے رہتے ہیں تو اس کا برا اثر ہماری تعلیمی کارکردگی پر بھی پڑتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم ایسے دوست بنائیں جو نہ صرف ہمارے تعلیمی سفر میں مددگار ہوں بلکہ ہمیں زندگی میں آگے بڑھنے کی ترغیب بھی دیں۔

لیکن جیسے ہی کالج ختم ہوتا ہے یہ دوستیاں ایک آزمائش سے گزرتی ہیں۔ کالج کے آخری دن کا احساس سب سے مختلف ہوتا ہے۔ جہاں خوشی ہوتی ہے کہ ہم اپنی منزل کی طرف ایک قدم اور بڑھا رہے ہیں وہیں دل میں ایک عجیب سا خلا محسوس ہوتا ہے کہ وہ دوست جن کے بغیر دن ادھورا لگتا تھا اب زندگی کی دوڑ میں مصروف ہو جائیں گے۔ الوداعی لمحات میں اکثر یہ احساس ہوتا ہے کہ کاش وقت تھم جائے مگر یہی زندگی    کا اصول ہے۔ ہم آگے بڑھتے ہیں مگر دل کے کسی نہ کسی کونے میں یہ دوستیاں ہمیشہ زندہ رہتی ہیں ۔ 

اس لیے اگر تمہارے پاس ایسے دوست ہیں جو تمہاری خوشی میں خوش اور غم میں تمہارے ساتھ کھڑے ہوں تو انہیں سنبھال کر رکھو کیونکہ  وہی تمھارے حقیقی دوست ہیں۔ وقت گزر جائے گا یادیں رہ جائیں گی اور وہ دوست جن کے ساتھ یہ یادیں بنی تھیں وہی اصل سرمایہ ہوں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *